• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان میں نئے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 17 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 545نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 6افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 409مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 634 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 399ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 6 ہزار66 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 593کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 91 ہزار 169مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 32 ہزار 818ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 451ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 98ہزار 41مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 223 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 185ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 257 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 5کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 178 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 13 ہزار 798مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 3 ہزار 336کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 79 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 451مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 66 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31ہزار 808کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 30 لاکھ 56ہزار 795کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین