وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گِل کہتے ہیں کہ جب سارے چور اکٹھے ہو جائیں تو سمجھ لیں کوئی ایماندار تھانیدار آ گیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گِل کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے مل کر صرف این آر او مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن اکٹھی ہورہی ہے، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ نہ ہونے سے اپوزیشن کی پیاس نہیں بجھ رہی۔
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ماضی میں اپوزیشن کی یہ پارٹیاں ایک دوسرے کے خلاف کیا کچھ نہیں کہتی رہیں، آصف زرداری کہتے تھے کہ جب بھی نواز شریف کو حکومت ملی ملک کنگال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو سابقہ حکومت کے قرضے واپس کرنے تھے، عمران خان نے شب و روز محنت کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
شہباز گِل نے مزید کہا کہ اپوزیشن جتنی چاہے اے پی سی کر لے، جس کا دل چاہے خطاب کرے، ماضی میں اپوزیشن کی یہ پارٹیاں ایک دوسرے کے خلاف کیا کچھ نہیں کہتی رہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کی پنجاب میں ایک سیٹ بھی نہیں ہے، بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ مسلم لیگ نون نے ملک کا برا حال کر دیا۔