• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کراچی والوں کی امید مایوسی میں نہ بدلیں، مصطفیٰ کمال

پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ خدارا آرمی چیف کراچی والوں کی امید کو مایوسی میں نہ بدلیں۔

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کا شکریہ کہ انہوں نے 2 روز کراچی میں گزارے، کراچی والوں کی امیدیں اب آرمی چیف پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات پر ہے کہ آرمی چیف کی ہدایات کے باوجود حکومت کام نہیں کر رہی۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی کے بازاروں، گلیوں، محلوں میں پانی جمع ہے، شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، اموات یا سانحات سامنے آنے پر ہی حکومت جاگے گی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی، ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں سے کراچی والے مایوس ہیں، کراچی میں اب کوئی بھی مسئلہ ہوا تو ساری جماعتیں فوج کو الزام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 3 نالوں کے اطراف سروس روڈ بنا دیں، سو گز کا پلاٹ، ایک لاکھ کا چیک دے کر متاثرین کو دوسری جگہ بسا دیں۔


چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ تینوں نالوں کے اطراف تجاوزات ختم کر دی جائیں تو کراچی میں ڈرینج کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سے کوئی خاص امید نہیں ہے، آرمی چیف نے کراچی والوں کو خود امید دلائی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا ہے کہ خدارا آرمی چیف کراچی والوں کی امید کو مایوسی میں نہ بدلیں، میں ایک پر عزم محبِ وطن پاکستانی کی حیثیت سے یہ باتیں کر رہا ہوں۔

تازہ ترین