• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات تک بند کردیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت نے مفت علاج، ٹیسٹ اور دوائی سے غریب عوام کو محروم کردیا۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ مہنگائی عروج پر ہے، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔


انھوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہاں گئے وہ دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گے؟ عوام کی جیب پر روز ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی، آٹا، خوراک کے بعد دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا بم بھی عوام پر پھینکا گیا۔

لیگی صدر نے کہا کہ ادویات اسکینڈل میں اربوں روپے کمانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مریضوں پر ظلم بند کرے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔

تازہ ترین