• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے خود کو بچانے کے لیے ملک داؤ پر لگادیا ، شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ملک داؤ پر لگادیا، یہ جو تقاریر ہورہی ہیں، ملک سے بدلہ لیا جارہا ہے، ملک کے خلاف تقریر کرنے والوں نے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ انہوں نے ملک کی قیمت پر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، اس بات کاجواب دیں کہ ایون فیلڈ اور دیگر جائیدادوں کے پیسے کہاں سے آئے، جبکہ آپ نے ہر سوال کا جواب دیا ہے، سوائے اس کےجو پوچھا جارہا تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی ذات، خاندان، پیسوں اور اثاثوں کو بچانے کے لیے اداروں پر تنقید کی، جواب نہیں دینا ہے تو ایسے سوالات اٹھائیں گے جن کا حقیقت سے تعلق نہیں، آپ نے ملک کی معیشت اور کردار کا ستیاناس کیا، آپ نے ایسے معاہدے کیے جن کی وجہ سے آج بجلی مہنگی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈالر کو مصنوعی طور پر برقرار رکھنے کے لیے 23 ارب ضائع کیے، مقامی صنعت اس لیے بند ہوگئی کہ امپورٹ کرنا سستا، مقامی پیداوار مہنگی پڑتی تھیں، آپ کے دور میں برآمدات میں ایک روپے کا اضافہ نہیں ہوا۔

شبلی فراز نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نےغریب پر پیسا نہیں لگایا کیونکہ آپ کے پاس وقت نہیں تھا، مہنگائی کی جڑ آپ تھے اور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں بیٹھے منڈیلا بن کر خطاب کررہے ہیں، عمران خان 22 سال سے جدوجہد کررہا تھا، عمران خان کا 22 سال پہلے جو نظریہ تھا آج بھی اس پر قائم ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج آپ اداروں کے خلاف باتیں کررہے، وہی ادارے آپ کے ساتھ تھے تو ٹھیک تھے، آپ باہر بیٹھ کر بانی ایم کیو ایم بنے ہوئےہیں۔


وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت نے کہا جس طرح وہ باہر گئے، قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں، جو شخص قانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے، وہ ایسا کر ہی نہیں سکتا، آپ لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ پیسا ہے تو کچھ بھی کرسکتے ہیں، جس اعتماد کےساتھ وہ جھوٹ بولتے ہیں اس کاجواب نہیں ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ 2013 کے الیکشن کے بعد ہم نے4 حلقےکھولنے کا مطالبہ کیا تھا، اس وقت 485 کے پٹیشنز داخل ہوئیں جو پی ٹی آئی کی تھیں، 2018 کے الیکشن میں 281 پٹیشنز داخل ہوئیں جن میں سے آدھی پی ٹی آئی کی تھیں، پنجاب میں پی ٹی آئی کی 13، ن لیگ کی 11 پٹیشنز تھیں، صرف 11 حلقوں پر اعتراض تھا، یہ کیسی دھاندلی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو بچانے کےلیے جمہوری نظام کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کی ہے، آپ خود جمہوریت کےدشمن بنے ہوئے ہیں، آپ نے جس نظام کا فائدہ اٹھایا اسی کے خلاف تقاریر کررہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ آپ کو پتا تھا کہ وزیراعظم عمران آپ کو نہیں چھوڑےگا، ہمیں اس لیے ووٹ ملا ہے کہ ہمیں آپ کے پیچھےجانا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک بلیک لسٹ میں گیا تو ان کا  کیا جاتا ہے، ان کے اثاثے باہر ہیں، عمران خان کا کوئی اثاثہ ملک سے باہر نہیں ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج عدالتوں، افواج پاکستان، الیکشن کمیشن پر بہتان باندھ رہے ہیں، اس سے آپ کو کوئی چھوٹ نہیں ملنے والی، جبکہ عمران خان پریشر میں اور زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون سے بھاگا ہوا شخص لوگوں کو بغاوت پر اکسارہا ہے، کیا بغاوت پر اکسانے کی ان کو اجازت ملنی چاہیے؟ کورونا کے بعد ہم نے ملک کو سنبھالا، یہ لوگوں کو اکسارہے ہیں، یہ ملک کے ساتھ اپنی دشمنی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ انہیں نہ ہم اجازت دیں گے نہ عوام اس کی اجازت دیں گے، ان کی بلیک میلنگ میں کوئی نہیں آئے گا، نواز شریف نے سات کروڑ کی گھڑی پہنی ہے اور کہتا ہے مجھے عوام سے ہمدردی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنے آپ کو قانون کےحوالے کریں، سوالات کا جواب دیں، جو پیسا لوٹ کرلے گئے وہ واپس لائیں، اپنی اولاد کو بھی واپس لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس گندم کی وافر مقدار موجود ہے، درآمدات بھی بروقت ہورہی ہیں، چینی کی درآمد بھی ہورہی ہے، سپلائی تسلی بخش ہے، نومبر میں کرشنگ سیزن بھی شروع ہورہا ہے، خوردنی اشیاء سستی کرنے کے لیے حکمت عملی بنارہے ہیں۔

تازہ ترین