• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کراچی میں ریلی کا شوق پورا کرے، خواجہ اظہار


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ممکنہ ریلی پر تنقید کی ہے۔ ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کراچی ریلی چوری اوپر سے سینہ زوری کے مترادف ہے، پیپلزپارٹی کراچی میں ریلی کا شوق پورا کرے لیکن کراچی والے جانتے ہیں اس حکومت نے بارہ سال میں کراچی تباہ کردیا۔

ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کامیاب کراچی مارچ سے پیپلز پارٹی کے اوسان خطا ہیں، جبکہ شہری سندھ نے پیپلز پارٹی کی لسانی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے جاگیرداروں وڈیروں کی غنڈہ گردی کے ذریعے منتخب ہوکر شہری سندھ پر حکومت کی جارہی ہے۔

خواجہ اظہار الحسن کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ پیپلز پارٹی کی ریلی کو مسترد کردیں گے۔


انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی سمجھتے ہیں کہ اندرون سندھ سے لوگ شہری سندھ پر مسلط ہو رہے ہیں۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اتوار کے روز حیدر آباد میں ریلی کے ذریعے پیپلز پارٹی کی شہری سندھ نفرت کو اجاگر کرے گی۔

تازہ ترین