• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو ہر صورت پاکستان واپس لانے کا فیصلہ


وفاقی حکومت نے نواز شریف کو ہر صورت میں واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت خصوصی پولیٹیکل کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت نواز شریف کو وطن واپس لانے کے فیصلے پر برقرار ہے، وفاقی وزراء نے نواز شریف کی واپسی سے متعلق تجاویز وزیر اعظم کو پیش کیں۔

اجلاس میں نوازشریف کو واپس لانے کے لیے ہر سطح کے رابطے کرنے اور برطانیہ کے متعلقہ اداروں کو دستاویزات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیٹیکل کمیٹی بھی نواز شریف کو وطن واپس لانے کے فیصلے پر قائم ہے۔

اجلاس میں اپوزیشن سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بھی طے کی گئی۔

نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کی پانچویں کوشش بھی ناکام

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کی پانچویں کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ہائی کمیشن کے دو عہدیدار ڈن ریون اسٹریٹ پر دس منٹ انتظار کر کے چلے گئے۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار ایوین فیلڈ کے استقبالیے تک بھی نہیں آئے، برطانوی حکومت نوازشریف کے وارنٹس کی تعمیل کرانے سے انکار کرچکی ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت کا موقف ہے کہ وہ پاکستان کے سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وارنٹس کی تعمیل نہ ان کا کام ہے نہ مینڈیٹ، پاکستانی ہائی کمیشن رائل میل یا اپنے عملے کے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کراسکتا ہے۔

تازہ ترین