پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ حبیب جالب کا خواب پورا ہوا، پنجاب بھی جاگ گیا ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر پر بغاوت کے مقدمے پر ردعمل کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سیاسی کارکنوں پر بھی دیگر صوبوں کی طرح بغاوت کے مقدمے درج ہو رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کے ترجمان نے مزید کہا کہ پورا ملک اس ہائبرڈ نظام کے خلاف ہے، جتنے غداری کے مقدمے بنانے ہیں بنالیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی، آئین کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ غداری کا الزام تو بانیان پاکستان، فاطمہ جناح، ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید پر بھی لگایا گیا۔