• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آخر ملک چلا کون رہا ہے؟ ملک آٹو پائلٹ پر تو نہیں چل رہا؟، احسن اقبال


مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو ہر بات ٹی وی سے پتا چلتی ہے، آخر ملک کون چلا رہا ہے؟ ملک آٹو پائلٹ پر تو نہیں چل رہا۔

فواد چودھری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو کچھ پتا ہی نہیں چلتا کہ ملک میں کیا ہورہا ہے کیا نہیں ہورہا۔

احسن اقبال نے کہا کہ روپے کی ڈیویلیویشن ہو تو وزیر اعظم کو پتہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمت 25 روپے لیٹر بڑھے تو عمران خان کو پتہ نہیں، چلتا آخر معاملہ کیا ہے؟

احسن اقبال نے کہا کہ بغاوت کا مقدمہ بنے تو انہیں اس کے بارے میں بھی پتا نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان، نواز شریف پر مقدمے سے لاعلم تھے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر سے وزیراعظم عمران خان لاعلم تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سینئر صحافی حامد میر کو جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس ایف آئی آر کے اندراج پر عمران خان نے نا پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندراج مقدمہ کی بات میں عمران خان کے علم میں لے کر آیا اور انہیں بتایا کہ اس میں نواز شریف اور دیگر لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نےسابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر و دیگر کے خلاف درج مقدمے کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کسی نے کارروائی ڈالنے کے لیے ایسا کیا ہو، دیکھتے ہیں۔

فواد چوہدری نے اس کے ساتھ پیغام میں مزید کہا کہ بغاوت کے مقدمے بنانا ہماری پالیسی نہیں ہے، یہ نواز شریف کے دور کی باتیں ہیں، تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے۔


انہوں نے کہا کہ سیاست کی شطرنج پر ابھی ہماری چال باقی ہے، ن لیگ پیادے بچائے، شاہ اور وزیر کا کھیل تو ابھی دور ہے، ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے، جلدی کیا ہے۔

اس سے قبل حامد میر نے اپنے پیغام ایف آئی آر کا عکس شیئر کیا اور کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو یہ اعزاز مل گیا، ان کے دور میں پنجاب پولیس نے ریاست جموں و کشمیر کے منتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ایف آئی آر کے ذریعہ دنیا بھر میں کشمیر پر پاکستان کے روایتی مؤقف کا مذاق اڑایا گیا۔

تازہ ترین