• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی سی پی او لاہور کی پولیس میں بھی کورٹ مارشل کی تجویز

لاہور پولیس کے سی سی پی او عمر شیخ کا کہنا ہے کہ پولیس میں بھی کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہورعمر شیخ نے پولیس سسٹم میں کورٹ مارشل کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پولیس میں بھی آرمڈ فورسز کی طرز پر کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔

عمر شیخ نے کہا کہ موجودہ قوانین کے تحت سزائیں دینے سے کوئی بہتری نہیں آرہی، انصاف کی فراہمی کے لیے کورٹ مارشل طرز کی ترامیم وقت کی ضرورت ہے۔

سی سی پی او لاہور نے یہ تجویز آئی جی پنجاب کو ایک درخواست میں دی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پولیس میں ڈسپلن اور سروس ڈلیوری کیلئے سخت سے سخت قوانین بنانا ہوں گے۔


عمر شیخ نے کہا کہ 5 برسوں میں 25 سے 30 فیصد سے زائد نفری کو سزائیں دی گئیں مگر ان سزاؤں کے باوجود عدلیہ، میڈیا اور عوام شکایات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

عمر شیخ کے مطابق پولیس کورٹ مارشل کا مقصدیہ ہے کہ کوئی سزا یافتہ اہلکار یا افسر دوبارہ نوکری پر بحال نہ ہوسکے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ قوانین کے تحت نوکری سے نکالے جانے پر اہلکار عدالتوں یا دیگر طریقوں سے واپس آ جاتے ہیں۔

تازہ ترین