• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ تندرست ہوگئے، ان سے کورونا پھیلنے کا خطرہ نہیں رہا، صدارتی معالج

امریکی ایوانِ صدارت وائٹ ہاؤس کی طبی ٹیم کے سربراہ شان کونلے نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ تندرست ہوگئے ہیں اب ان سے کورونا پھیلنے کا خطرہ نہیں رہا۔

میڈیا کے مطابق  ڈاکٹر شان کونلے کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ سے کورونا کے جراثیم کسی اور شخص کو منتقل ہونے کا خطرہ اب نہیں رہا، انہیں تنہائی یا الگ رہنے کی اب مزید ضرورت نہیں رہی ہے۔

صدارتی طبی ٹیم کے سربراہ نے مزید کہا کہ ’پی سی آر ٹیسٹ‘ کے لیے صدر ٹرمپ کا دوبارہ نمونہ لیا گیا تھا، ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق امریکی صدر سے کورونا پھیلنے کا خطرہ اب نہیں رہا۔


انھوں نے مزید کہا کہ پی سی آر ٹیسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خون میں وائرس کے جراثیم کی افزائش نہیں ہو رہی ہے، بلکہ کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم بیان میں صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کا 2 اکتوبر کو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد تین دن کے لیے انہیں واشنگٹن کے فوجی اسپتال میں زیرِ علاج رکھا۔

صدارتی معالج نے مزید کہا کہ صدر کو بخار نہیں ہو رہا اور کورونا کی علامات میں بہتری آئی ہے۔ اب صدر ٹرمپ کی مصروفیات شروع ہونے کے بعد ان کا باقاعدہ معائنہ کرتے رہیں گے۔

تازہ ترین