• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نفیسہ شاہ نے وزیراعظم کو رانگ نمبر قرار دیدیا

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو رانگ نمبر، وفاقی کابینہ کو 2 نمبر اور شیخ رشید کو آئٹم نمبر قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کو کباڑی کی دکان سمجھا ہوا ہے، پہلے سقوط ڈھاکا، پھر سقوط کشمیر اب سقوط پی آئی اے ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی تباہ کاریوں کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں کمیشن بنایا جائے۔

پی پی رہنما نے کراچی میں مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قتل اور چارسدہ میں ایک بچی کے ساتھ زیادتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔


نفیسہ شاہ نے پارٹی کے کوچیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق کہا کہ ان کے ٹیسٹ کچھ بہتر آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بیماری کے باوجود کسی ملک علاج کے لیے گئے اور نہ ہی عدالتوں میں پیشیوں سے غیر حاضر ہوئے ہیں۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دونوں جلسے بھرپور ہوں گے، وزیراعظم خوفزدہ ہیں۔

نفیسہ شاہ نے عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 11 جماعتی اجتماع کو آپ نہیں روک سکیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے مجسٹریٹ کا کام ٹائیگر فورس کے سپرد کردیا ہے، اس فورس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

تازہ ترین