• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلہ کن جنگ قریب، حکومت کو جلد دن میں تارے نظر آئیں گے، حمزہ شہباز


پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں فیصلہ کن جنگ ہوگی، ان کو بہت جلد دن میں تارے نظر آنے والے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے، چند دنوں میں فیصلہ کن جنگ ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو بہت جلد دن میں تارے نظر آنے والے ہیں، عوام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے کرپٹ اور نااہل حکومت کا محاسبہ کریں گے۔


ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عوام آٹے کے حصول کیلئے رو رہے ہیں، وزیر خوراک قومی اسمبلی میں کہتے ہیں، پتا نہیں گندم کہاں چلی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی بڑھنے کے کئی نوٹسز لے چکے ہیں لیکن کچھ نہیں ہوا ہے، غریب آدمی کے بچے بھوک اور پیاس سے بلک رہے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ایک ماہ گزر گیا، نالائق حکومت موٹر وے زیادتی کیس کا ملزم نہیں پکڑ سکی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے گرفتار کئے ہوئے ایک سال ہو گیا ہے، حکومت ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی ہے۔

تازہ ترین