ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر غلام نبی میمن کی ہدایت پر شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران کراچی پولیس ٹریفک قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں نیو کراچی پولیس نے محکمہ پولیس کے لیے مخصوص نمبر کی جعلی پلیٹ لگی گاڑی کے خلاف کارروائی کی۔
پرائیویٹ گاڑی پر ایس پی 5959 نمبر کی عام طور پر تیار کردہ ہاتھ سے لکھی نمبر پلیٹ نصب تھی۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں موجود عباد نامی ملزم پولیس کے روکے جانے پر مختلف ہیلے بہانے کرتا رہا مگر تفتیش کے دوران جعل ساز نکلا جسے گرفتار کرکے گاڑی ضبط کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق بلال کالونی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا، ملزم کے خلاف درج مقدمہ میں تعزیرات پاکستان دفعات 171/170 عائد کی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر غلام نبی میمن کی ہدایت پر شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران صرف گاڑیوں کی نمبر پلیٹ ہی چیک نہیں کی جا رہیں بلکہ گاڑیوں کے شیشوں پر اضافی سیاہ پردے یا پلاسٹک کی شیٹس لگی گاڑیوں کی بھی پکڑ کی جارہی ہے اور گاڑیوں پر اضافی نمود و نمائش کی بھی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے گارڈز ساتھ رکھنے والے افراد کی بھی خاص طور پر چھان بین کی جا رہی ہے، ایسے سیکیورٹی گارڈز کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے جو اسلحہ کی نمائش کرتے ہیں۔
پولیس حکام کی جانب سے تمام شہریوں کو سخت تنبیہ کی گئی ہے کہ پولیس یا کسی بھی سرکاری ادارے کی جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنا جرم ہے جس کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔