• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام تزکیہ نفس پر زیا دہ زور دیتا ہے، مفتی عبدالمجید ندیم

بر منگھم (پ ر) اسلام تزکیہ نفس پر سب سے زیا دہ زور دیتا ہے۔ پاکیزہ خیالات اور اعمال اختیار کرنے والے افراد ہی معاشرے کو امن و سکون سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔نفسا نفسی کے اس دور میں ایسے پاکیزہ نفوس کی اشد ضرورت ہے جو اپنی اصلاح کے ساتھ معاشرے کو بدلنے کے لیے عملی جدوجہد کریں ۔وقت آگیا ہے کہ مسلمان اپنی انفرادی اور اجتما عی زندگی میں اصلاحِ احوال کے لیے عملی پروگرامزکا انعقاد کریں۔ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا ’’قرآنِ مجیداور احادیث ِ نبوی ﷺ ہی ایسے دو بنیادی ما خذ ہیں جو تزکیہ نفس میں بنیا دی کردار ادا کرتے ہیں لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب ہم قرآنِ مجید کو ترجمے اور تفسیر کے ساتھ پڑھیں اور احادیث ِ نبوی کے معانی جا ننے کی جدوجہد کریں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ مسلما نوں کی اکثریت قرآنِ مجید کو بلا سمجھے محض ثواب کے لیے پڑھتی ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی میں کسی انقلاب کی توقع نہیں کی جا سکتی۔جہاں تک حدیثِ مبا رکہ کا تعلق اس کے حوالے سے بھی مسلمانوں کو حدیث فہمی کے لیے کسی طرح کے مواقع فراہم نہیں کیے جاتے جس کا منفی اثر یہ ہے کہ ہم روز بروز قرآن و حدیث سے دور ہو تے جا رہے ہیں۔قرآن و حدیث سے دوری مسلمانوں کی اجتماعیت کو پارہ پارہ کرنے کے ساتھ انہیں تزکیہ نفس کے ایسےطریقوں کی طرف مائل کر رہی ہے جو غیر مستند ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ان کی زندگیوں میں کوئی حقیقی انقلاب برپا نہیں ہوتا۔ مفتی عبدا لمجید ندیم نے کہا کہ ’’ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت قوم و ملت تزکیہ نفس کے لیے اہتما م کریں ۔اس کے لیے سب سے اہم با ت یہ ہے کہ ہم قرآن و حدیث کی طرف رجوع کریں اورضروری ہے کہ ہم کسی مستند عالم کے پاس جا کر اسلام کا بنیادی علم حاصل کریں تب ہی تبدیلی کی توقع کی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین