• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی گرفتاری خبروں میں صداقت نہیں، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ نون کا کہنا ہے کہ پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، انہیں گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

رہنما مسلم لیگ نون طلال چوہدری اور مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں مریم نواز ہوٹل سے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے گھر گئی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نوازکی گرفتاری کی جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں، وہ سہ پہر ساڑھے تین بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گی۔

دوسری جانب سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے بیٹے احسن زبیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے گھر پر کوئی چھاپہ نہیں پڑا، مریم نواز کی آمد سے پہلے بی ڈی ایس عملے کو گھر بلایا تھا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز محمد زبیر کے گھر پر ایک اہم میٹنگ میں شریک ہوں گی جس کے بعد وہ نون لیگی رہنماؤں کے ہمراہ واپس ہوٹل آکر پریس کانفرنس کریں گی۔


واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بریگیڈ تھانے کی پولیس نے مقامی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے ، ان سمیت 200 افراد کے خلاف مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

صفدر کے خلاف درج مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں، جبکہ مقدمے میں مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو گرفتار کیا ہے۔

تازہ ترین