• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انار کو غذائی اور طبی خصوصیات کے باعث قدرت کا ایک انمول تحفہ تسلیم کیا جاتا ہے، اس پھل کو ’جنت کا پھل‘ بھی قرار دیا گیا ہے، انار کو تمام پھلوں میں شہنشاہ کی سی حیثیت حاصل ہے، انار میں بہت سے ایسے سود مند نباتات اور مرکبات پائے جاتے ہیں جو دوسرے عام پھلوں میں نہیں ملتے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق انار کا استعمال انسانی مجموعی صحت پر حیرت انگیز مثبت اثرات مرتب کرتا ہے اور مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے، ایک کپ انار کے دانوں ( 100 گرام) میں فائبر 4 گرام، پروٹین 17 گرام، وٹامن17 فیصد، وٹامن B-6 پانچ فیصد، فولیٹ16فیصد، شوگر 14 گرام اور پوٹاشیم 236 ملی گرام جبکہ سوڈیم 3 ملی گرام پایا جاتا ہے ۔


انار منرلز اور توانائی کا خزانہ ہےجس میں  کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس، آئرن، ہائیڈروکلورک ایسڈ، فائٹو کیمیکلز، اینٹی آکسیڈنٹس، پولی فینول، کم کیلوریز، وٹامن اے، بی، سی اور بائیو ایکٹو کمپاؤنڈز پائے جاتے ہیں۔

انار کے استعمال سے خوبصورتی پر آنے والے مثبت اثرات

انار میں موجود وٹامن سی سورج کی شعاعوں کے مضر اثرات کو کم کرتا ہے ، جِلد پر جھریاں آنے سے بچاتا ہے، یہ جسم میں کولیجن کو محفوظ کرنے کی صلاحیت کو بڑھا دیتا ہے جس کے نتیجے میں رنگ قدرتی طور پر نکھرتا ہے ۔

روزانہ 8 اونس انار کا جوس پینے سے جِلد بے داغ، تروتازہ اور توانا ہوتی ہے ، انار کے جوس میں الیجک (Ellagic) ایسڈ اور پیونی کلاجن (Punicalagin) موجود ہوتا ہے، یہ دونوں اجزاء جِلد کو خراب ہونے ، نقصان پہنچانے والے ماحولیاتی عوامل، جِلد کو لٹکنے، سیاہ دھبے اور خشکی سے جِلد کو محفوظ رکھتے ہیں ۔

مہاسوں اور بال گرنے میں کمی

انار میں پائے جانے والا پِیونِک ایسڈ بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے، جس کی وجہ سے بالوں کے گرنے میں کمی واقع ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے اکثر لوگ انار سے حاصل کردہ تیل کو جِلد اور بالوں کے لیے  استعمال کرتے  ہیں۔

انار کے استعمال سے مجموعی صحت پر آنے والے اثرات

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے

عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قوت مدافعت کا مضبوط ہونا لازمی ہے، اس وبا سے بچنے کے لیے وٹامن سی سے بھر پور پھلوں کا استعمال نہایت مفید ہے۔

ماہرین کے مطابق موسم سرما میں عام نزلہ ، زکام ، بخار اور وائرل کا ہونا عام سی بات ہے مگر آج کل عالمی وبا کوروناوائس کے پیش نظر اس وائرس اور تمام عام وائرل سے بچنے کے لیے وٹامن سی اور سیٹریس پھلوں کا استعمال کرنا مفید ہے جن میں انار، لیموں اور مالٹے شامل ہیں۔

وزن میں کمی کا باعث

100 گرام انار میں 83 کیلوریز ہوتی ہیں، جس سے آپ کو دن بھر بیدار، چوکنا اور توانا رہنے کے لیے مدد ملتی ہے،  ڈائٹنگ کرنے والے افراد کے لیے انار نہایت مفید ہے،  اس میں بڑی مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے، جس سے آپ کو بھوک کم لگے گی اور آپ کا ہاضمہ بھی تیز ہوگا۔ 

انار میں جذب ہونے والی چکنائی موجود نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے یہ ڈائٹنگ کرنے والوں کے لیے بہترین غذا کا کام دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق روزانہ انار کا جوس پینے سے کمر کے اردگرد چربی کا خاتمہ ہوجاتا ہے، اس کے قدرتی اجزا موٹاپے کا باعث بننے والے خلیات کا خاتمہ کر کے چربی پگھلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ذہنی تناؤ میں کمی

ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لیے بھی انار ایک بہترین ٹانک ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ انار میں سنگترے اور سبز چائے سے تین گنا زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، جو جسم کو کئی فاضل مادوں کے اثرات سے بچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ انارمیں آئرن، پوٹاشیم اور میگنیز کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے، جس کی وجہ سے یہ انسانی صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ 

دورانِ حمل انار کا باقاعدگی سے استعمال انیمیا اور  پٹھوں کے سخت ہو کر اکڑ جانے سے محفوظ رہتے ہیں۔

دل کے امراض سے بچائے

انار میں موجود فائٹو کیمیکلز کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کم کرتے ہیں جبکہ روزانہ انار کا ایک اونس تازہ جوس پینے سے آپ کی کیروٹڈ آرٹری میں موجود رکاوٹیں دور ہوتی ہیں، یہ رکاوٹیں اسٹروک اور دل کی دیگر بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔ 

وٹامن سی، وٹامن بی فائیو، پوٹاشیم اور فائبر سے بھرپور اس پھل کے سفید چھلکے اور باہر کی پتلی جِلد بھی کھائی جاسکتی ہے بلکہ وہ پھل کا ہی حصہ ہوتے ہیں۔

صبح نہار منہ پانی کے علاوہ انار کا جوس پینا بے حد مفید ہے، انار کا تازہ جوس (ایک گلاس ) گرم کریں، جب بھاپ نکلنا شروع ہوجائے تو اسے نیم گرم حالت میں نہار منہ پی لیں یا پھر مٹھی بھر انار دانے کو آدھے لیٹر پانی میں دس منٹ اُبال کر نچوڑیں، انجائنا کے مریضوں کو یہ پانی عام درجہ حرارت پر صبح کے وقت پینے کو دیں، اس سے سینے میں کھنچاؤ اور درد میں بے پناہ افاقہ ہوگا۔

بریسٹ کینسر کے خلاف مفید

خواتین میں بریسٹ کینسر ایک عام مرض ہے، ایک تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامے آئی ہے کہ انار کے جوس کا استعمال بریسٹ کینسر کے خلیات کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اس عمل کے دوران صحت مند خلیے بالکل ٹھیک حالت میں رہتے ہیں۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ انار بریسٹ کینسر کے خلیوں کو پیدا ہونے سے بھی روکتا ہے۔

یادداشت میں بہتری

تحقیقاتی مطالعہ جات سے کچھ ایسے شواہد حاصل ہوئے ہیں جن کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ انار کا جوس یاد داشت بہتر بنانے میں بھی معاون و مددگار ہے۔ 

ایک تحقیق میں  ایسے رضاکاروں کو شامل کیا گیا جن کی حال ہی میں سرجری کی گئی تھی، ان مریضوں میں روزانہ کی بنیادوں پر انار کے جوس کے استعمال سے یاد داشت  کو متاثر ہونے کے خطرے کو کم دیکھا گیا تھا۔

تازہ ترین