• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا

پیرس(رضا چوہدری) دنیا بھر کی طرح فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے 27 اکتوبر کے حوالے سےیوم سیاہ منایا، پیرس کے اہم مقام ایفل ٹاور کے سامنے جموں کشمیر فورم فرانس کے صدر مرزا آصف جرال اور چیئرمین نعیم چوہدری کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر میں 73 سال سے بھارتی مسلح افواج کے مظالم اور غاصبانہ قبضہ کے خلاف بھر پور مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نےبھارت کو پیغام دیا کہ ہم 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کے روز کو ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کی تصاویر اور نعرے درج تھے جنگ/ جیو سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ظہور اقبال ، زاہد اقبال ہاشمی ، نعیم چوہدری ،مرزا آصف جرال، ذوالفقار عزیز، عمران بٹ اور فرانسیسی خاتون نے کہا کہ ہم عالمی رہنمائوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم کی طرف دلا رہے ہیں مگر افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم اس طرف توجہ نہیں دے رہی یہ تنازع کسی وقت بھی خطے کو عالمی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔ اس موقع پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ فرانس میں بھارت کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم پردوسرا بڑا مظاہرہ پلس دی ریپبلک کے مقام پر ہوا جس کا اہتمام پاکستان تحریک انصاف فرانس اور پاکستان مسلم لیگ ق فرانس نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر ق لیگ کے چوہدری سجاد ڈوکہ، چوہدری طاہر رزاق ، چوہدری ندیم ڈھروکنہ صدر یوتھ ق لیگ ، پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیخ نعمت اللہ، یاسر قدیر ، چوہدری ماجد چیمہ اور دیگر مظاہریں بارش کے باوجود بھارتی افواج اور بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ جنگ، جیو سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر قدیر، چوہدری سجاد ڈوکہ،چوہدری زاہد ،چوہدری ماجد چیمہ ، مظہر گوندل اور دیگر نے کہا کہ بھارت کو ایک دن مقبوضہ کشمیر سے نکلنا ہو گا۔
تازہ ترین