• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس میں مسلم مخالف مہم اور صدر ایمانویل میکرون کی اس مہم کے دفاع پر دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان سراپا احتجاج ہیں ایسے میں پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی اس مہم کی مذمت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔


اداکار یاسر حسین نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں گستاخانہ خاکوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر فرانس اپنے صدر کی توہین برداشت نہیں کررہا تو ہم اپنے نبی ﷺ کی توہین کیسے برداشت کریں۔‘

اداکار احسن خان نے لکھا کہ ’اگر فرانس واقعی ایک جمہوریہ ہے تو پھر وہاں آزادی ہونی چاہیے۔ لیکن آزادی کے نام پر دوسرے مذاہب کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’میں اپنے پیارے نبی ﷺ کی شان میں ہونے والی اس گستاخی پر اپنے پورے دل سے احتجاج کرتا ہوں۔‘

اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے فیروز خان نے بھی ٹوئٹر پر فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا ’حضرت محمدﷺ سب سے پہلے۔‘

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے تمام مسلمانوں سے معافی مانگنے اور فرانسیسی پروڈکٹس کے بائیکاٹ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

فرانس میں اسلام مخالف مہم اور صدر میکرون کی جانب سے مہم کے دفاع میں بیان کے بعد سے دنیا کے کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کے ساتھ ساتھ مذمتی پیغامات بھی سامنے آرہے ہیں۔

عرب دنیا میں فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین