• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے محمد ﷺ سے متعلق فرانسیسی مصنف کا قول شیئر کردیا


وزیراعظم عمران خان نے نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ سے متعلق فرانسیسی مصنف کے قول کو پسندیدہ قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ حضرت محمدﷺ سے متعلق فرانسیسی مصنف کا یہ قول میرے پسندیدہ ترین اقوال میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر حضرت محمدﷺ کے حوالے سے فرانس کے مصنف، سیاستدان اور شاعر الفونسے ڈی لامرٹائن کا ایک قول شیئر کر دیا۔

فرانسیسی مصنف نے حضرت محمدﷺ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کی شخصیت کو دنیا میں لاثانی قرار دیا۔


قول کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کے بارے میں میرے پسندیدہ اقوال میں سے ایک یہ ہے۔

عمران خان کا فرانسیسی مصنف کا نبی ﷺ سے متعلق پسندیدہ قول:

الفونسے ڈی لامرٹائن کے مطابق

اگر مقصد کی عظمت، انکساری اور حیرت انگیز نتائج ہی انسانی ذہانت کے تین معیار ہیں تو کس کی ہمت ہے جو تاریخ کے عظیم انسان محمدﷺ سے موازنہ کرسکے؟

دنیا کی معروف شخصیات نے صرف اسلحہ، قانون اورسلطنتیں تخلیق کیں لیکن حضور ﷺ نے ان چیزوں کی محض بنیاد رکھی، یہ ایسی مادی طاقتیں ہیں جو ان کے سامنے ہی نیست و نابود ہوگئیں۔

لیکن رسول ﷺ نے ناصرف فوج، قانون سازی، سلطنت، قوم ، خاندان بلکہ اس وقت کی آباد دنیا کے ایک تہائی حصے میں لاکھوں لوگوں میں انقلاب برپا کیا، لیکن اس سے بھی زیادہ، انہوں نے دیوتاؤں، مذاہب ، طرزفکر، عقائد اور ایمان کے نظریات کوبدل کر رکھ دیا۔

خیال رہے کہ فرانس میں اسلام مخالف مہم اور صدر میکرون کی جانب سے مہم کے دفاع میں بیان کے بعد سے دنیا کے کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کے ساتھ ساتھ مذمتی پیغامات بھی سامنے آئے۔

وزیر اعظم کی جانب سے یہ پیغام بھی اسی تناظر میں شیئر کیا گیا ہے۔

کن ممالک میں فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے؟

کویت میں فرانسیسی پنیر کیری اور بےبی بیل جیسی مصنوعات شیلفوں سے ہٹا لی گئی ہیں۔ اسٹوروں کے ایک بڑے گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ فرانسیسی مصنوعات بشمول پنیر، کریم اور کازمیٹکس کی اشیا اپنے اسٹور سے فروخت کرنا بند کر رہا ہے۔

کویت کی 70 سے زیادہ کاروباری تنظیموں کی جانب سے بائیکاٹ مہم میں حصہ لیا جارہا ہے۔

الجیریا نے بھی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ’بائیکاٹ فرینچ پراڈکٹس‘ اور ’بائیکاٹ فرانس‘ نامی ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر کویت سے شیئر کی جانے والی بعض تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہاں کی بعض پر مارکٹس کے وہ شیلف خالی پڑے ہیں جن میں فرانسیسی مصنوعات رکھی تھیں۔

شام کی سپر مارکیٹس اور مال میں فرانسیسی مصنوعات کی فروخت روکنے کی غرض سے ان شیلفس پر پردے ڈال دیے گئے ہیں جہاں یہ مصنوعات رکھی گئی ہیں۔

تازہ ترین