ترکی کے شہر ازمیر اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے سے کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
زلزلے کے مرکز ازمیر کے قریب بحیرہ ایجیئن میں 16.5 کلومیٹر گہرائی میں تھا، زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا۔
ترک حکام کے مطابق مغربی ترکی کے شہر ازمیر کے علاقے سفری حصار میں 6 اعشاریہ 6 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمارتوں کے ملبے سے 70 افراد کونکال لیا گیا ہے۔
ترکی کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ کے ہیڈ آفس کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق ازمیر کے علاقے سفری حصار سے 17 کلومیٹر دور بحیرہ ایجیئن میں ترکی کی مقامی وقت کے مطابق دو بجکر 51 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کی گئے۔ زلزلہ زیر زمین 16.54 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ترکی اور یونان میں زلزلہ کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلغاریہ، مصر، لیبیا اور برطانیہ میں بھی زلزلےکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ادھر ترک صدر اردگان کا کہنا ہے کہ ازمیر کی صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ شہریوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔