پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ کا بیان نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کی خلاف ورزی ہے،انہوں نے سیاسی مخالفین کو طالبان سے ڈرایا۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو طالبان سے ڈرا کر وزیر داخلہ نے نیپ کے بخیے ادھیڑ دیے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ وزراء کے غیرذمہ دارانہ بیانات فیٹف میں پاکستان کے لیے مشکلات کھڑی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ہم پر جو الزامات لگاتی ہے وزراء ان کی تصدیق اور تائید کر دیتے ہیں۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ثابت ہوگیا بینظیر بھٹو شہید نے اپنے قاتلوں میں اعجاز شاہ کا نام درست لیا تھا۔
ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ اعجاز شاہ پیپلز پارٹی، اے این پی اور دیگر جماعتوں کے شہداء کے ورثاء سے معافی مانگیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے ’محب وطن‘ اعجاز شاہ کے بیان پر کیوں خاموش ہیں؟
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ غداری کے منحوس اور فرسودہ الزام لگانے والوں کی حقیقت قوم جان چکی ہے، اب یہ چورن نہیں بکے گا، قوم اعجازشاہ اور ان کے سلیکٹڈ سر پرست کا محاسبہ کرے گی۔