• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، سندھ میں پھر پابندیوں میں سختی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے ایک بار پھر الرٹ جاری کردیا۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کی گئی ایس او پیز کے مطابق سندھ بھر میں عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے،اجتماع، سماجی میل جول سے گریز کیا جائے،،نجی، سرکاری دفاتر میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا، دوران سفر بھی 3 فٹ سے زائد فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا، محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق غیر ضروری طور پر سفر کرنا ممنوع قرار دیدیا گیا، کار میں 2 سے زائد افراد کے سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے اگر تیسرا شخص کوئی مریض ہے تو اسکو اجازت ہو گی۔کھانسی، بخار، نزلہ، زکام میں مبتلا افراد عوامی مقام پر نہ آئیں،کام کی جگہوں پر 55 سال سے زائد عمر کے افراد کو دفاتر میں کام کیلئے بلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم مالک اور ایگزیکیٹیو اسٹاف ایس او پی کے تحت آ سکتا ہے۔ اے ٹی ایمز کے استعمال کی صورت میں سینیٹائزر کا استعمال کیا جائے،ضروری اسٹاف کو دفاتر بلایا جائے، آن لائن کام کو ترجیح دی جائے، محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کسی بھی کام کی جگہ پر محکمہ صحت کورونا ٹیسٹنگ کرسکے گا، کسی بھی علاقے، مقام پر کورونا کیسز بڑھنے کی صورت میں فوری بندش کا اطلاق ہوگا۔

تازہ ترین