• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن کی جانب سے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی گئی، اس موقع پر ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔

اس سے قبل شہباز شریف نے کمرۂ عدالت میں جج سے کہا کہ میرے سیاسی مخالفین میرے خلاف سازش کر رہے ہیں، میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹے الزامات عائد کیئے گئے، میں نیب کے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں، مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں سیاسی جماعت کا سربراہ ہوں، میرے اوپر جس جس کیس میں فردِ جرم عائد کی گئی وہ تمام کیسز بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اسپتال بنائے، قوم کے اربوں روپے بچائے، جس کا مجھے یہ صلہ دیا جا رہا ہے، قیامت تک میرے اوپر کرپشن ثابت ہو گئی تو میں قوم کا دین دار ہوں گا۔

صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ میں معصوم ہوں، اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ نون کا صدر ہوں، میرے خلاف یہ جھوٹا اور بے بنیاد کیس بنایا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ نیب اپنی ساکھ مکمل کھو چکا ہے، اسے سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، نیب اب تک کوئی بھی شواہد منظر عام پر لانے میں ناکام رہا ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ آشیانہ ہو، رمضان شوگر یا پھر کوئی اور کیس، میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ڈھائی سال سے میرے خلاف تحقیقات چل رہی ہیں۔

اس سے پہلے لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف کو پیش کیا گیا تو اس موقع پر عدالت کے باہر نون لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی ہو گئی۔

پولیس کی جانب سے میاں شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت پہنچایا گیا۔


لاہور پولیس نے نون لیگی کارکنوں کو زبردستی شہباز شریف کی گاڑی کے آگے سے ہٹا دیا جس پر نون لیگی کارکن مشتعل ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو پر امن رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے سلسلے میں حمزہ شہباز کو بھی بکتر بند گاڑی میں نیب عدالت پہنچایا گیا۔

حمزہ شہباز کی آمد پر نون لیگی کارکنوں نے اپنے رہنماؤں کے حق میں خوب نعرے لگائے۔

میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی آمد کے موقع پر عدالت کے باہر اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

تازہ ترین