موسم سرما کے آتے ہی خشک ہواؤں کے سبب جلد پر خشکی، کھردرا پن اور خارش کا ہونا عام شکایتیں بن کر سامنے آتی ہیں اور اس کے علاوہ بے رنگ پھٹے ہونٹ، بے جان بال، پھٹی ہوئیں ایڑیوں کے سبب ہر فرد متاثر اور پریشان نظر آ تا ہے۔
مندرجہ بالا مسائل پر اگر وقت آنے یا اس سے قبل قابو نہ پایا جائے تو مسائل بڑھ کر شخصیت پر منفی اثر مرتب کرتے ہیں، ماہرین جِلدی امراض کے مطابق یہ تمام مسائل بنیادی طور سردیوں میں پانی کے انتہائی کم استعمال کے نتیجے میں سامنے آتے ہیں۔
موسم سرما میں جِلد کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے اضافی وقت درکار ہوتا ہے، جسم میں پانی کی کمی، خشک اور سرد ہوائیں انسانی جلد پر انتہائی برا اثر ڈالتی ہیں، ان سب مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے کم وقت اور بغیر بھاری رقم خرچ کیے نجات حاصل کی جا سکتی ہے، سردیوں میں دن میں صرف 10 سے 15 منٹ نکال کر گھر میں بنائی گئے لوشن، سیرم اور موسچرائزر ز کا استعمال کر کے ان مسائل پر با آسانی قابو پایا جا سکتا ہے۔
نرم ملائم اور صاف ہاتھ پاؤں
سردیوں کے موسم میں خاص طور پر خشک سردی کے دوران ہاتھ، پاؤں اور بازو خشک رہنے کی صورت میں بہت کھردرے، مرجھائے ہوئے اور جِلد بے جان سی جھریوں والی نظر آتی ہے ، ٹھنڈے پانی میں ہاتھ ڈالنے سے بھی ہاتھوں کی جلد پھٹ جاتی ہے، اس شکایت سے بچنے کے لیے اگر چند دنوں تک کسی اچھی کمپنی کا موسچرائزر یا گھر میں ویسلین اور گلیسرین سے بنی ہوئی بام ہاتھوں پر رات سونے سے پہلے لگا لی جائے تو جِلد سلجھی ہوئی صاف، جوان نظر آ تی ہے۔
چہرے کی جِلد کی حفاظت
چہرے کی جلد کو خوبصورت بنانے اور روکھا پن دور کرنے کے لیے 3 چمچ دہی میں 2 چمچ سیب کا سرکہ اور 3 چمچ پسا ہوا تازہ سبز دھنیا ڈال کر اچھی طرح سے پھینٹ لیں، اب اس فیس ماسک کو چہرے پر لگائیں اور 15 سے 20 منٹ بعد دھو لیں، اس سے نہ صرف رنگت نکھرے گی بلکہ جِلد بھی چمکدار ہوگی۔
ہونٹوں کی حفاظت
سردیوں میں پانی کم پینے کے نتیجے میں جسم کے دیگر حصوں کی جِلد کی طرح ہونٹوں کی جلد بھی پھٹنے لگتی ہے، خصوصی طور پر خواتین کے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور ان کی رنگت پھیکی پڑجاتی ہے، اس شکایت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے ا گر کاٹن کے کپڑے کو بادام یا کھوپرے کے تیل میں بھگو کر یا ویسلین لگا کر ہونٹوں کا مساج کیا جائے تو ان کی نزاکت برقرار رہتی ہے اور پھٹے ہوئے ہونٹ نرم ہو جاتے ہیں، اگر کاٹن کا کپڑا گلابی رنگ کا لیا جائے تو اس سے ہونٹوں پر گلابی رنگت بھی نمایاں ہو جائے گی۔
سردیوں میں پاؤں کی جلد پر لگنے والی فنگس سے نجات
سخت سردی کے موسم میں موٹے یا اونی موزے پہننے سے زیادہ تر افراد میں پاؤں کی فنگس کا مسئلہ ہو جاتا ہے، پاؤں کی جلد پر فنگس بننے کے نتیجے میں خارش اور الجھن محسوس ہوتی ہے، اس شکایت کا علاج وکس ویپورب ہے، مسلسل ایک ہفتے تک سونے سے پہلے وکس کی تھوڑی مقدار پاؤں اور پاؤں کے ناخنوں پر ہاتھوں سے مل لینے سے یہ مسئلہ بہت جلد ختم ہو جاتا ہے ۔
سردیوں میں جِلد کی نمی برقرار رکھنے کا طریقہ
جن افراد کی جِلد قدرتی طور پر خشک ہو اُن افراد کے لیے سردیاں بے شمار مسائل لاتی ہے، ان افراد کی جِلد سردیوں کے دوران مزید خشک اور کھردری ہو جاتی ہے، خشکی کی وجہ سے جسم میں ہلکی خارش اور تپش ہونے لگتی ہے۔
ماہرین جلد کے مطابق اگر سردی میں غسل کے بعد بکری کے دودھ سے حاصل شدہ مکھن سے مساج کیا جائے تو جِلد کی قدرتی نمی جلد میں موجود رہتی ہے۔
اس کے علاوہ خشک موسم کے دوران نہانے کے بعد پورے جسم پر دیسی گھی بھی لگایا جا سکتا ہے، اس سے جلد تا دیر نم اور موسچرائز رہتی ہے ۔
بالوں کی حفاظت کے لیے انڈہ، کھوپرے اور بادام کا تیل
کھوپرے اور بادام کے تیل میں بالوں کو اندر تک موسچرائز کرنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں، ان دونوں تیل کے ساتھ انڈے کا استعمال بالوں کو چمکدار اور ملائم بناتا ہے اور بال سلجھے ہوئے خوبصورت نظر آ تے ہیں ۔
4 سے 5 چمچ بادام کے تیل میں 3 چمچ انڈے کی سفیدی شامل کریں اور اب اس میں 2 چمچ کھوپرے کا تیل اچھی طرح سے ملا لیں، اس ماسک کو بالوں پر جَڑوں سے سِروں تک لگائیں اور ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں، بعد ازاں بالوں کو شیمپو کر لیں۔