• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کے بیان سے حکومت مزید مضبوط ہوئی: شیخ رشید

وزیرِ ریلوے شیخ رشیداحمد کہتے ہیں کہ مریم نواز کے بیان سے حکومت مزید مضبوط ہوئی ہے، مسلم لیگ نون کے لوگ بھی کھل کر کہہ رہے ہیں کہ ان کا بیانیہ درست نہیں۔

وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ ہماری لڑائی عمران خان کے خلاف نہیں ہے، اب کہہ رہے ہیں ان کو ہٹاؤ۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران عمران خان کو ووٹ دیں گے، جب بھی عمران خان پر برا وقت آیا چوہدری برادران ان کو ہی ووٹ دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے میرے ساتھ تو کوئی تحفظات نہیں ہیں، عمران خان مہنگائی ختم کرنے جا رہے ہیں، آٹے چینی کی قیمت کم ہوگی، اس پر کام ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نون لیگ کی پارٹی کے اندر سے آوازیں بلند ہو رہی تھیں، نون لیگ کو گلگت بلتستان میں شکست نظر آ رہی ہے، مریم نواز نے گلگت بلتستان کا نتیجہ دیکھ کر اپنا بیانیہ بدلا ہے۔

وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے لوگ پھنس گئے ہیں، آصف زرداری چھٹا بحری بیڑہ ہے، انہوں نے اپنے لیے کشن پیدا کیا، مسلم لیگ نون نے اب ریورس گیئر لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے کیلئے مذاکرات ضرور کرنے چاہئیں، مسلم لیگ نون پی ڈی ایم کی چھتری کے نیچے مذاکرات کرنے جا رہی ہے۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن میں پی ٹی آئی پہلے نمبر اور پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر ہو گی، ان الیکشن کے نتائج کے بعد ان کے چہرے اترے ہوئے ہوں گے۔


اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا کو بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت اب بہتری کی طرف گامزن ہے، گزشتہ اسمبلی اجلاس میں کسانوں کے مسئلے کو اچھے انداز میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 18 ہویں ترمیم کے بعد یہ معاملہ صوبوں کی صوابدید ہے، کسانوں کے معاملے پر چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ کسانوں کے معاملے کو جلد حل کیا جائے، معاشی ترقی کیلئے زرعی شعبے کو فعال کرنا بہت ضروری ہے۔

تازہ ترین