• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں تیزی آگئی

بلوچستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں تیزی آگئی، 24 گھنٹوں کے دوران گیارہ طالب علموں سمیت کورونا کے65 نئے مریض سامنے آگئے، کورونا میں مبتلا ایک اور مریض کے انتقال کر جانے سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 156ہوگئی۔

محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز صوبے میں 754 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 5 اضلاع سے 65 نئے کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 393 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 16 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعدصوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 817 ہوگئی، صوبے میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 420 ہے جبکہ 243 افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔


محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا میں مبتلا ایک مریض کے انتقال کے بعد صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 156 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں مزید 11طالب علموں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صوبے میں کورونا میں مبتلا طالب علموں کی تعداد 844 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 541 ٹیسٹ کئے گئے، اس دوران کورونا کے 44 مریض سامنے آئے، کوئٹہ میں آج کورونا کی شرح 8.1 فیصد رہی۔

تازہ ترین