• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت پاک فوج کو تنہا کرنا چاہتا ہے، ایسا نہیں ہونے دینگے، فاروق حیدر، کنٹرول لائن پر ریسکیو اور طبی عملہ الرٹ، ادویات و اشیائے  ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم

مظفرآباد( نامہ نگار) آزاد کشمیر حکومت نے کنٹرول لائن کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ایل او سی پر ریسکیو اور طبی عملہ الرٹ رکھنے اور ادویات و اشیایہ ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعطم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں متاثرین کو فوری معاوضے دینے ،زخمیوں کے علاج کی ہدایت کی گئی اور ، تینوں ڈویژنل کمشنر کو تحریری تجاویز وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی جبکہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت پاک فوج کو تنہا کرنا چاہتا ہے، ایسا نہیں ہونے دینگے۔

ہندوستان نے 5 ہزار سنائیپر گنز خریدی ہیں جو کنٹرول لائن پر استعمال ہو رہی ہیں،اقوام متحدہ کا چارٹر بھارت کے خلاف مزاحمت کا حق دیتا ہے،تفصیلات کیمطابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدرخان کی زیر صدارت سیز فائر لائن پر ہندوستانی افواج کی فائرنگ اور گولہ باری سے پیدا ہونے والی صورتحال، ریسکیو و ریلیف آپریشن ،امدادی سرگرمیوں اور کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین قادری، کمشنر مظفرآباد تہذیب النساء جبکہ ویڈیو لنک پر کمشنر پونچھ مسعودالرحمان اور کمشنر میرپورچوہدری رقیب ودیگر نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں سیز فائر لائن پر ہندوستانی افواج کی گولہ باری اور فائرنگ کے بعد امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کرونا وائرس کی حالیہ لہر سے بچائو اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالہ سے اہم فیصلہ جات کیے گئے ۔ 

اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہندوستانی فائرنگ و گولہ باری سے شہداء، زخمیوں اورجن کے مکانات کو نقصان پہنچاان کو معاوضہ جات کی فوری ادائیگی شروع کی جائے ۔ 

سیز فائر لائن کے نزدیکی علاقوں میں ادویات اور اشیاء ضروریہ کا سٹاک رکھا جائے ، طبی عملے کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔

تازہ ترین