• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما میں بچوں کی صحت کی حفاظت کیسے کریں؟

نومولود بچوں کو موسم سرما میں حفاظت اور دیکھ بھال کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، نومولود بچوں کو سردی جلدی لگ جاتی ہے، بچوں کو موسمی اثرات سے بچانا مشکل ہوتا ہے مگر یہ نا ممکن نہیں ہے، چند اقدامات کر کے بچوں کی صحت سے متعلق پیش آنے والے  مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

ماہرین اطفال کے مطابق بچوں کی صحت سے متعلق  موسم سرما میں پیش آنے والے مسائل سے پیشگی بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جا سکتے ہیں، بچوں کو ٹھنڈ، بخار، نزلہ ، زکام اور کھانسی لگنے سے قبل سردی سے بچا کر ان پریشانیوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

بچے کی صحت براہ راست ماں سے جڑی ہوتی ہے، ماں بچے کی دیکھ بھال کے دوران اگر تجویز کردہ چند ٹپس پر عمل کر لے تو یہ عمل فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

بچوں کی دیکھ بھال کیسے کی جائے ؟

ماہرین اطفال کے مطابق سب سے پہلے تو روزانہ کی بنیاد پر اپنے بچے کوصاف ستھرا رکھیں، سردیوں میں بچے کو نیم گرم پانی سے نہلا ئیں، اس سے قبل کسی بھی معیاری بے بی آئل سے بچے کے جسم کا اچھی طرح مساج کریں۔

غسل دینے کے بعد بچے کو کچھ دیر کے لیے دھوپ میں بٹھائیں۔

بچے کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے گرم کپڑوں کا مسلسل استعمال نہ کریں، اس سے پسینہ آتا ہے اور ٹھنڈے پسینے کی وجہ سے بچہ کھانسی اور ٹھنڈ میں بھی مبتلا ہو سکتا ہے۔

سردیوں میں بچوں کو پانی کی کمی ہونے سے بچائیں، بچے کو وقفے وقفے سے نیم گرم پانی دیتی رہیں تا کہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔

ٹھنڈسے بچانے کے لیے بچے کو تھوڑی مقدار میں روزانہ شہدچٹائیں۔

ہر وقت ہیٹرآن نہ رکھیں، اس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

رات میں بچے کو ہمیشہ خشک ڈائپر پہنائیں، بچے کا ڈائپر ہر 6 سے 8 گھنٹے میں تبدیل کر دی۔

اگر بچے کی جلد موسم سے متاثر ہو کر سرخ اور پھٹی نظر آنے لگی ہے تو ایسی پروڈکٹس استعمال کریں جس میں وٹامن اے اور ڈی موجود ہوں یا جو خصوصی طور پر بچوں کے لیے بنائی جاتی ہیں۔

جو مائیں بچوں کو دودھ پلاتی ہیں انہیں خود بھی بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا وہ سردیوں میں خود بھی ٹھنڈے پانی، ٹھنڈے مشروبات اور ٹھنڈی چیزوں سے پرہیز کریں۔ 

سدیوں میں بچوں کی جلد کی حفاظت کیسے کی جائے ؟

سرد موسم میں بچوں کی جلد کی حفاظت کے لیے  پہلے سے زیادہ توجہ دی، سردموسم جلد کو خشک کردیتا ہے جس کی وجہ سے جلد میں خارش ہونے لگتی ہے اور جلد میں نمی کم ہوجاتی ہے ۔

کچھ حفاظتی تدابیر اپنا کر مذکورہ بالامسائل سے بجا جا سکتا ہے۔

موئسچرائزنگ

بچے کو نہلانے کے بعد فوراً باہر لے کر نہیں جائیں، نہلانے کے بعد بچے کے پورے جسم پر موئسچرائزر کا استعمال کریں تا کہ بچے کے جسم میں نمی کی کمی نہ ہو، سر سے پاؤں تک کسی اچھے لوشن یا زیتون کے تیل کا استعمال کریں ۔

سردیوں میں بچوں کے ملبوسات

سرد موسم میں بچے کو گرم ملبوسات پہنانا چاہیے، مگر یہ اس قدر گرم نہ ہوں کہ پسینہ آنے لگے، بے بی جلد کی مناسبت سےنرم، گرم ملبوسات صحیح رہتے ہیں، کیوں کہ سرد موسم میں بچے کی جلد اور بھی نرم ہو جاتی ہے۔

مائیں خود بھی گرم کپڑے پہنیں اور خشک میوہ جات کو اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنائیں کیونکہ ماں تندرست رہے گی تو بچہ بھی تندرست رہے گا۔

سردیوں میں اس بات کا بھی خصوصی خیال رکھنا ضروری ہے کہ بچے کا بستر زیادہ دیر گیلا نہ رہے، ورنہ وہ شدید بیمار پڑ سکتا ہے۔

تازہ ترین