مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کہتے ہیں کہ جب سے وزیرِ اعظم عمران خان نے منہ پر ہاتھ پھیرا ہے اس وقت سے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو لانے لے جانے والی گاڑی تبدیل کر دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ کل مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا جنرل اسپتال میں طبی معائنہ ہوا اور سی ٹی اسکین بھی کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل ان کا ایم آر آئی ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا، اس ایم آئی آر ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق میاں شہباز شریف کو گردن اور کمر میں پیچیدگیوں کا سامنا تھا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک دو ہفتوں میں شہباز شریف کی کمر کا معاملہ کافی خراب ہوا ہے، اس کے باوجود شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں لانے کی بات سمجھ میں نہیں آتی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جس گاڑی میں دہشت گردوں کو لایا جاتا ہے، اسی میں شہباز شریف کو لایا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن نے انتقامی کارروائیوں کی انتہا کر دی ہے۔