• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 5 اضلاع میں اسمارٹ و مائیکرو لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری


کراچی کے 5 اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن لگانے سے متعلق نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں۔

کراچی کے ضلع غربی ،ضلع کورنگی ،ضلع جنوبی میں مائیکرو لاک ڈاؤن کے نفاذ جبکہ ضلع وسطی میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ویسٹ کےمائیکرو لاک ڈاؤن لگانے کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع غربی کے 2 علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن لگایا جائے گا ۔

گڈاپ ٹاؤن کے ان دونوں علاقوں میں سرجانی محمد حسین گوٹھ اور گلشن معمار،جہاں سے بالترتیب 2 اور 3یعنی مجموعی طور پر 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، میں مائیکرو لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو لاک ڈاؤن آج رات 12 بجے سے 5 دسمبر کی شام 7 بجے تک نافذالعمل ہوگا۔


ضلع کورنگی میں اسمارٹ لاک ڈاون کے نافذ العمل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ،جس کی 3 یوسیز کے 7 مکانات میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا ۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن 21 نومبر سے 5 دسمبر تک لگایا جارہا ہے ۔

ضلع جنوبی میں سول لائن کے پوش علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خیابان مون،خیابان بدر، باتھ آئی لینڈ اور خیابان اتحاد کی مخصوص گلیوں میں لاک ڈاون ہوگا۔

ادھر ضلع وسطی میں اسمارٹ اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے کچھ علاقے 14 روز کے لئے سیل کیے جائیں گے جن کی تعداد 26 ہے۔

جن علاقوں میں اسمارٹ یا مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا،ان میں عزیز آباد، علی آباد، کریم آباد، یاسین آباد شامل ہیں،جنہیں بند رکھا جائےگا۔

دوسری طرف دستگیر ، ناظم آباد، اصغر شاہ اسٹیڈیم ،شادمان ٹاؤن کے علاقے سیل ہوں گے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نارتھ کراچی، مسلم ٹاؤن، فردوس کالونی بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون کی زد میں آئیں گے،ان تمام ہی علاقوں میں 22 نومبر سے 5دسمبر تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

تازہ ترین