امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ جماعتِ اسلامی تنہا جدوجہد کر رہی ہے، ہم چند لوگوں کے مفادات کے لیے پی ڈی ایم کے اتحاد کا حصہ نہیں بن سکتے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے سوات کے گراسی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے گزشتہ دنوں بتایا کہ ہماری حکومت ختم ہو رہی ہے، اس وزیر نے کہا کہ اس حکومت نے ہم سب کو بھی بدنام کیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت نے برباد کر دیا ہے، عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ اگر عوام نے ان کے خلاف احتجاج کیا تووہ استعفیٰ دے دیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ نہ بولنے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے جھوٹ کو یو ٹرن کا نام دے دیا ہے، حقیقت تو یہ ہے کہ یہ نالائق ترین حکومت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا پاکستان کو اسلامی ریاست بناؤں گا لیکن عمران خان نے اب تک مدینہ کی ریاست کی طرف کون سا قدم اٹھایا ہے؟
سراج الحق کا مزید کہنا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد کو عمران خان نے برباد کیا، کشمیر کی 73 سالہ جدوجہد کو ختم کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تو گلگت اور چترال سے کراچی تک گلی گلی میں شور ہے کہ عمران خان کے لیے مزید حکمران رہنا جائز نہیں ہے کیونکہ حکومت نے قوم کو مایوس کیا ہے۔