• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SOPs پر مشاورت کیلئے صدر مملکت کی زیر صدارت علماء کانفرنس


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا ایس او پیز کا ازسر نو جائزہ لینے کیلئے چاروں صوبوں کے گورنرز اور علماء کی ویڈیو کانفرنس بلا لی، مشاورت کے بعد حکومت ایس او پیز طے کرے گی۔

کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے بعد حکومت نے مساجد کیلئے ایس اوپیز کا از سرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے گورنرز اور علماء کی ویڈیو کانفرنس جاری ہے جس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری بھی شریک ہیں۔

ویڈیو کانفرنس میں لاہور سے گورنر پنجاب کے ساتھ تمام مکاتب فکر کے 14 علماء شریک ہیں۔

صدر مملکت نے کانفرنس میں کہا کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، علماء نے پہلے بھی حکومت سے تعاون کیا،یقین ہے آئندہ بھی کورونا کے خلاف علماء حکومت کا ساتھ دیں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کی پہلی لہر کے پھیلاؤ میں کمی اللہ کی خاص مہربانی تھی،حکومتی پالیسی اور احساس پروگرام بے حد مددگار ثابت ہوئے۔

وفاق المدارس کے مولانا حنیف جالندھری نے کہاکہ کورونا ایس او پیز پر جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے، ہم مدارس میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کر رہے ہیں ۔

مفتی اقبال چشتی کاکہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں بھی کورونا کو سنجیدہ لیں اور ہر معاملے میں کیڑے نکالنا چھوڑ دیں۔


ذرائع کے مطابق علماء نے کانفرنس میں حکومت کو کورونا ایس او پیز پر عمل کی یقین دہانی کروائی ہے، کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

کانفرنس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کانفرنس کے متعلق کہنا تھا کہ تمام طبقات کو کورونا سے بچاؤ کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، حکومت علماء سے مشاورت کے بعد ہی ایس او پیز کو طے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم بھی جلسوں کی ضد چھوڑ دے اور عوام کو کورونا وائرس سے بچائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین