اپوزیشن جماعت عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) نے خیبر پختون خوا کے وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اے این پی خیبر پختون خوا کے صدر ایمل ولی خان نے یہ مطالبہ پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی سے مریضوں کی اموات کے واقعے پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت کی نااہلی سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جس کے بعد ان کا عہدے پر رہنے کا جواز نہیں۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ نااہل اور غیر متعلقہ شخص کو شعبہ صحت کا سربراہ بنایا جائے گا تو ایسے واقعات ہی رونما ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی باعث ملک بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی کی حالت ہے، ایسے میں نوشہرہ، خیبر اور پشاور سے ایمبولینسز بلانا پڑ رہی ہیں۔
اے این پی کے صوبائی صدر نے یہ بھی کہا کہ وزیر صحت کو سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اپنی تشہیر سے فرصت ہی نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ صحت خیبر پختون خوا کو اپنے محکمے اور عوام کی کوئی فکر نہیں۔