• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کی وزیراعلیٰ سندھ کو خالی آسامیوں پر بھرتیاں شروع کرنے کی ہدایت


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)  نے وزیراعلیٰ سندھ کو صوبے میں میرٹ پر خالی آسامیوں پر بھرتیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں وزیراعلیٰ نے پارٹی چیئرمین کو کوویڈ-19 کی صورتحال اور حکومتِ سندھ کی عوام کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

مراد علی شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں ترقی کی رفتار سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے واجب الادا حصے سے کم ادائیگیاں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔


سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے اب تک ٹیکس وصولی کے اپنے اہداف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت بے روزگار نوجوانوں کو ریلیف اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے میرٹ پر خالی آسامیوں پر بھرتی شروع کرے۔ 

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے بھی روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین