• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM جلسہ: ن لیگی رہنما جائزہ لینے مینارِ پاکستان پہنچ گئے

13دسمبر کو لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے مسلم لیگ نون  کے رہنما جلسہ گاہ کا جائزہ لینے مینارِ پاکستان پہنچ گئے۔

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناءاللّہ اور مریم اورنگزیب جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مینارِ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم ن لیگ کے رہنماؤں پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثناءاللّہ اور ترجمان مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری نے بھی مینارِ پاکستان کا دورہ کیا۔ 

جاوید لطیف، بلال یاسین، رانا ارشد سمیت دیگر رہنما بھی مینارِ پاکستان پہنچ گئے ہیں جبکہ خواجہ سعد رفیق اور پرویزرشید نے اسٹیج کا معائنہ کیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے جلسہ گاہ میں موجود کارکنوں کو ہدایات بھی جاری کیں۔

 مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کے علاوہ جے یو آئی (ف) کے جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔

 مولانا عبدالغفور حیدری نے اردو بازار کا بھی دورہ کیا جہاں اُنہوں نے آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز سے ملاقات کی۔ 

اُنہوں نے تاجر برادری کو پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کی دعوت دی جس پر خالد پرویز نے دعوت قبول کرتے ہوئے کل جلسہ میں شرکت کا اعلان کیا

دوسری جانب رانا ثناءاللّہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ گاہ میں لائٹنگ، جنریٹرز اور کرسیوں کے انتظامات ہورہے ہیں۔

رانا ثناءاللّہ نے کہا کہ انتظامیہ کا ہمارے ساتھ کوئی تعاون نہیں جبکہ جلسے کا انتظام کرنے والوں کیخلاف مقدمے درج کئے جارہے ہیں۔

اپنے بیان میں اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے خود ایف آئی آردرج کروائیں، ہمارے خلاف پٹواریوں کے ذریعےمقدمے درج نہ کروائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک کے باعث ملک میں ووٹ کا فیصلہ تسلیم کیا جائے گا جبکہ مینار پاکستان میں جلسے کے لیے چیزیں لانے میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے.

رانا ثناءاللّہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھا تو کوئی تصادم ہوسکتا ہے اور اگر جلسے میں کوئی تصادم ہوا تو مکمل ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید کو بےمثال ترقی کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ  پی ڈی ایم کل گریٹراقبال پارک میں پاور شو کرے گی۔

تازہ ترین