پاکستان کے مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک بلال عباس خان کا نام اپنی نوعیت کی پہلی ’دنیا کے ٹاپ 50 ایشین سیلبرٹیز کی فہرست‘ میں پاکستانی مرد اداکار کے طور پر درج کرلیا گیا ہے۔
برطانیہ سے شائع ہونے والے اخبار Eastern Eye کے مطابق بلال عباس خان کو اس فہرست میں 28ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جو نہ صرف کئی عالمی فنکاروں بلکہ پاکستان کے بیشتر سینئر اداکاروں سے آگے ہیں۔
’چیخ کے‘ اس مشہور اداکار نے 2016 میں فن کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی لاجواب اداکاری کے جوہر دکھانے پر جلد ہی انڈسٹری میں اہم مقام حاصل کرلیا۔
بلال عباس خان نے مرد فنکاروں میں یہ اعلیٰ مقام 2020 کے مقبول ترین ڈرامے ’پیار کے صدقے‘ اور پہلی بین الاقوامی ویب سیریز ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ میں شہرت حاصل کرنے پر حاصل کیا۔
ایڈیٹر اسجد نذیر نے فہرست کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’تیزی سے ابھرنے والے فنکار بلال عباس خان پاکستان کی فلم اور ٹیلی وژن کا مستقبل ہیں۔ ان کے لیے نئے پروجیکٹس کے ساتھ یہ سال بہت کامیاب رہا جن میں ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ نمایاں ترین ہے جس کے چرچے سرحدپار بھی ہوئے اور ان کو نئی نسل کے لیے ایک مضبوط رول ماڈل بنا دیا۔‘
یہ اعزاز حاصل کرنے پر بلال عباس خان بہت خوش نظر آئے اور انہوں نے غیر روایتی کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’میرے خیال کے مطابق میں نے جو بھی کردار ادا کیا اس کی اپنی ایک کہانی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک میں نے پوری سچائی کے ساتھ ہر کردار ادا کیا کہ مجھے ناظرین کے سامنے کیا کہانی پیش کرنی ہے، لیکن مجھے اتنی زبردست پذیرائی کی توقع نہیں تھی۔
انھوں نے کہا کہ ’میں بہت مشکور ہوں اور اپنے کردار کے انتخاب پر مجھے فخر ہے کیونکہ مجھے اپنے ناظرین کی طرف سے بہت پیار ملا ہے، مجھے امید ہے کہ میں اپنے ہر کردار سے اپنے ناظرین کو متاثر کرنے سرپرائز دینے اور ایک سوچ پیدا کرنے کی کوشش جاری رکھوں گا، آپ کا شکریہ‘۔
اس فہرست میں فنکاروں کی میڈیا پر پذیرائی، کارکردگی، نشریاتی سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ طرز کی بنا پر درجہ بندی کی جاتی ہے۔ سال کے دوران میں بلال عباس خان کا شوبز میں ہر کام بے مثال رہا، جیسے سال کی پہلی ششماہی میں دو نئے پروجیکٹس، ایک ویب سیریز ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ اور پراسرار قتل کا ڈرامہ ’ڈنک‘ سرفہرست ہیں۔