پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا کہنا ہے کہ ایسا پاکستان تشکیل دیں گی جہاں آئین کی حرمت مقدم ہو۔
حکومت مخالف جماعتوں کے اتحاد سے بنی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) رہنماؤں کا لاہور کے جاتی امرا میں اجلاس ہوا، جس کا پی ڈی ایم نے اعلان لاہور جاری کردیا۔
اعلان لاہور میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں وفاقی پارلیمانی آئین پہ یقین رکھتی ہیں، ریاست کے تمام انتظامی ادارے ایک منتخب انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے تابع ہوں۔
پی ڈی ایم کے اعلان لاہور میں کہا گیا کہ ایسا پاکستان جہاں عدلیہ آزاد، میڈیا کی آزادی اور اظہار راۓ کو تحفظ حاصل ہو۔
اعلان لاہور میں کہا گیا کہ آج پاکستان کے عوام منہگائی، بیروزگاری اور سماجی عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں، اس کے ذمہ دار سلیکٹڈ حکومت اور اسکے سہولت کار ہیں۔
پی ڈی ایم کے اعلان لاہور میں کہا گیا کہ 2018 کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرا کر ایک نااہل حکومت کو مسلط کیا گیا، ملک کو موجودہ بحران سے نجات دلانے کے لئے سلیکٹڈ کو فی الفور رخصت کیا جائے۔
اعلان لاہور نے کہا کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعہ حقیقی نمائندہ حکومت قائم کی جائے۔
اپوزیشن جماعتوں کے اعلان لاہور میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم جماعتیں ملک کو قرضوں، منہگائی، بیروزگاری سے نجات دلائیں گی۔
اعلان لاہور میں کہا گیا کہ پاکستان کی اساس آئینی اور جمہوری بنیاد پر رکھی گئی تھی، قومی صلاحیت کی مربوط طاقت کو کمزور کیا گیا، اس کھیل میں ہم سے آدھا ملک بھی جدا ہو گیا۔
پی ڈی ایم کے اعلان لاہور میں کہا گیا کہ جمہوری حکمرانی کے اصولوں کے مطابق میرٹ، شفافیت کے اصولوں پہ فروغ دیں گے، جمہوری اداروں کو قومی، صوبائی اور مقامی سطح پہ مضبوط کریں گی۔
اعلان لاہور میں کہا گیا کہ آئین کی اسلامی شقوں، 18ویں ترمیم اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا دفاع کریں گے۔
پی ڈی ایم کے اعلان لاہور میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت 31 جنوری 2021 تک فی الفور مستعفی ہو، موجودہ حکمرانوں کےخلاف یکم فروری کو فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔