• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں 24 گھنٹوں میں کوروناوائرس سے ریکارڈ 105 ہلاکتیں


پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی وباء سے 1 ہی روز میں 105 اموات ہوئی ہیں جن میں سے 70 وینٹی لیٹر پر تھے، سب سے زیادہ اموات سندھ اور پھر پنجاب میں ہوئیں، 98 اموات اسپتالوں اور 7 اسپتالوں سے باہر ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 38 ہزار 28 ٹیسٹ کیئے گئے، مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 2 فیصد ہو گئی جبکہ اب تک کُل 61 لاکھ 36 ہزار 799 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 731 کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے 2 ہزار 510 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ مزید 105 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کُل تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 977 ہو چکی ہے، اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 9 ہزار 10 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 3 لاکھ 88 ہزار 598 کورونا مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 48 ہزار 369 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔

پاکستان بھر کے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 66 مریض داخل ہیں، جن میں سے 316 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وباء سے انتقال کرنے والے 105 افراد میں سے 70 وینٹی لیٹر پر تھے۔

ملتان میں کورونا وائرس کے لیے دستیاب وینٹی لیٹرز میں سے 48 فیصد پر، اسلام آباد میں 46 فیصد پر، لاہور میں 34 فیصد پر اور پشاور میں 26 فیصد پر مریض موجود ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 58 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد صوبے میں کُل اموات کی تعداد 3 ہزار 222 ہو گئی۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 30 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد صوبے میں کل اموات کی تعداد 3 ہزار 422 ہو گئی۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 2 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کُل اموات کی تعداد 379 ہو گئی۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 12 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد صوبے میں کل اموات کی تعداد 1 ہزار 489 ہو گئی۔


بلوچستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز 1 مریض انتقال کر گیا جس کے بعد صوبے میں کل اموات کی تعداد 175 ہو گئی۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 2 مریض چل بسے جس کے بعد صوبے میں کل اموات کی تعداد 193 ہو گئی۔

کورونا وائرس کی وباء نے اب تک گِلگت بلتستان میں 99 افراد کی جان لی ہے۔

تازہ ترین