• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: اسپتال میں آکسیجن کی کمی سے اموات کی تحقیقات مکمل،7 افراد ذمے دار قرار


پشاور کے خیبرٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن نہ ہونے کے باعث پیش آنے والی اموات کی تحقیقات مکمل کرلی گئی۔

تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو پیش کردی ہے، جس میں آکسیجن فراہم کرنے والے متعلقہ افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں واقعے کے 7 ذمے دار افراد کے خلاف کارروائی اور سابق اسپتال ڈائریکٹر ظفر آفریدی اور ڈاکٹر نیک داد آفریدی کو چارج شیٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔


رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا کہ اسپتال ڈائریکٹر کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ وہ آکسیجن سے متعلق معاہدہ ختم ہونے کی تاریخ سے لاعلم تھے۔

ڈاکٹر طاہر ندیم معاہدہ کی توسیع نہیں کرسکے، رپورٹ میں انہیں واپس اپنے محکمے میں بھیجوانے کی سفارش کی گئی ہے۔

چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور دیگر پانچ ارکان نے واقعے پر استعفے پیش کردیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے ارکان اخلاقی بنیادوں پر مستعفی ہوئے ہیں

آکسیجن فراہم کرنے والےافسران اور اسپتال کے مختلف ڈائریکٹرز بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے۔

رپورٹ کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال واقعے کی انکوائری رپورٹ عام کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا وعدہ پورا کردیا ہے، شعبہ صحت کو بہتر بنانے کے لیے شفافیت اہم ہے۔

تازہ ترین