شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے مداحوں کو اُس اہم کام کے بارے میں بتا دیا جو وہ اپنی شادی کے دن کرنا بھول گئی تھیں۔
گزشتہ ماہ بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی ثناء خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔
مذکورہ تصویروں میں ثناء خان نے سر پر گلاب کے پھولوں بنا خوبصورت سہرا پہنا ہوا ہے جبکہ اُن کے دونوں ہاتھوں میں مہندی بھی لگی ہوئی ہے۔
ثناء خان نے انسٹاگرام پر اپنی یہ دلکش تصویریں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ اپنی شادی کے لیے یہ پہننا چاہا تھا لیکن میں اس کا آرڈر دینا بھول گئی تھی۔‘
سابقہ اداکارہ نے اپنی نسرین دیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میری نسرین دیدی کا شکریہ جنہوں نے میرے نکاح کے دن گلاب کے پھولوں کا یہ خوبصورت سہرا میرے لیے تیار کروایا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مصروفیت کی وجہ سے میں نے اسے اَن پیک کرنے میں تاخیر کردی تھی لیکن اس کے باوجود بھی یہ تازہ تھا۔‘
آخر میں ثناء خان نے صارفین سے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ ’کیا آپ لوگوں کو یہ پسند ہے؟‘
واضح رہے کہ بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔
ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012ء کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سے اُنہیں شہرت ملی تھی۔