• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہزارہ برادری کا میتوں کے ہمراہ دھرنا پانچویں روز بھی جاری


سانحہ مچھ کے خلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا احتجاجی دھرنا آج پانچویں روز بھی جاری ہے، لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کے ہمراہ دھرنے میں شریک ہیں۔

شدید سردی کے باوجود سانحہ مچھ کے خلاف جاں بحق کان کنوں کے لواحقین اور ہزارہ برادری دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں، ہزارہ برادری کے افراد کے دھرنے کا آج پانچواں روز ہے ۔

دھرنے کےشرکاء نے جاں بحق کان کنوں کی میتیں مغربی بائی پاس روڈ پر رکھی ہوئی ہیں۔


گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی دھرنے پر پہنچے تھے اور شرکاء سے میتوں کی تدفین کی درخواست کی لیکن ان کی کوششیں بھی بارآور ثابت نہ ہوسکیں ۔

دھرنے کے شرکاء نے وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد تک دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین سے انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔

تازہ ترین