بھارتی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا کو عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر برطانیہ میں جاری سخت لاک ڈاؤن توڑ کر بیوٹی پارلر جانے پر برطانوی پولیس کی جانب سے وارننگ دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شام پریانکا چوپڑا برطانیہ میں جاری سخت کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی والدہ اور پالتو کتے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ سے نکل کر بیوٹی پارلر گئی تھیں جس پر اُنہیں برطانوی پولیس کی جانب سے الرٹ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی دسوری لہر اور نئی قسم کے سبب برطانیہ میں سخت لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں بیوٹی پارلر، سلونز اور اسپا پر بھی پابندی عائد ہے۔
رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا اپنی والدہ کے ہمراہ بیوٹی پارلر پہنچی تھیں جہاں سلیبرٹی اسٹائیلسٹ جوش ووڈ بھی موجود تھیں۔
برطانوی میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان کے مطابق مقامی پولیس کی جانب سے بیوٹی پارلر پہنچ کر پریانکا چوپڑا کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے اور گھر سے باہر نکلنے پر زبانی تنبیہ کی گئی تھی جبکہ اس دوران بیوٹی پارلر پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا آج کل برطانیہ میں اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود ہیں اور اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ مقیم ہیں۔