پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا ایک دل چھو لینے والا لمحہ دنیا بھر کے مداحوں کے لیے یادگار بن گیا۔
میچ سے قبل ان کے ساتھ گراؤنڈ میں موجود ننھا مداح اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور رونے لگا، رونالڈو نے اسے حوصلہ دیا، گلے لگایا اور میدان میں جانے سے پہلے اس کے آنسو پونچھے۔
اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اس لمحے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے ایک نیا دوست بنایا ہے، آپ سب کی محبت اور سپورٹ کا شکریہ، امید ہے کہ ہر کوئی اپنے خوابوں کو پورا کر سکے۔
ننھا مداح رونالڈو کے لیے خوش قسمت ثابت ہوا، کیونکہ میچ میں انہوں نے 2 گول کر کے اپنے 140 انٹرنیشنل گول اسکور کر لیے، پہلا گول 21 ویں منٹ میں آیا، جب انہوں نے سابق ساتھی ڈیاگو جوتا کے اعزاز میں نمبر 21 کی جرسی پہن رکھی تھی، ڈیاگو جوتا جولائی میں ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
ورلڈ کپ کوالیفائرز کے میچ میں پرتگال نے آرمینیا کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔
روبن نیویس نے ژوٹا کی یاد میں نمبر 21 سنبھالا جبکہ جواو کینسیلو نے اپنی خوشی کا اظہار ژوٹا کے مشہور اشارے کے ساتھ کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ جذباتی لمحہ ایک دن بعد سامنے آیا جب رونالڈو نے ایک مداح کو زیادہ قریب آنے پر پیچھے ہٹا دیا تھا۔