خشک میوہ جات یعنی ڈرائی فروٹ کانام آتے ہی سردیوں کا تصور ذہن میں جگہ بنانے لگتا ہے لیکن لازمی نہیں کہ ان کا استعمال صرف سردیوں میں ہی کیا جائے۔ یہ ایک ایسی نعمت ہے، جو صحت مند جسم اور صحت مند زندگی کے لیے بے حد ضروری ہے۔
مناسب مقدار میں خشک میوہ جات کا استعمال ہر موسم میں بہترین نتائج دے سکتا ہے، خشک میوہ جات میں صحت کے لیے ضروری غذائی اجزاء پروٹین، ضروری فیٹی ایسڈ اور اینٹی آکسیڈینٹ پائے جاتےہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات کا استعمال یومیہ 20گرام تک محدود رکھا جائے اور ساتھ ہی شاپر سے میوہ جات کھانے سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ عمل کسی بھی چیز کے استعمال کی زیادتی کا باعث تصور کیا جاتا ہے۔
بادام
مونو ان سیچوریٹڈ (ایک قسم کا روغن) سے مالا مال بادام دل، دماغ اور جلد کی صحت کے لیے بہترین تصور کیے جاتے ہیں جب کہ بادام میں موجود وٹامن ای، میگنیشیم اور پوٹاشیم کی مقدار خون کی گردش بہتر بنانے کے ساتھ دل کی کارکردگی بہتر بناتے ہیں اور طبی ماہرین صحت کے لیے 4 سے 7 بادام یومیہ تجویز کرتے ہیں۔
اخروٹ
پروٹین، وٹامن ای، منرلز، اومیگا تھری اور فیٹی ایسڈ سے بھرپور اخروٹ دل کی صحت کے لیے ایک بہترین غذا ہے، اور 3 سے 4 اخروٹ روزانہ استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
کھجور
کھجور ضروری غذائی اجزاء جیسے وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور حیرت انگیز طور پر ایک مزیدار پھل ہے جو انسانی نمو سمیت مجموعی صحت کے لیے ضروری تصورکی جاتی ہے۔
یہی نہیں کھجوریں دن کے بہترین آغاز اور میٹابولزم میں اضافے کے لیے بھی ضروری تصور کی جاتی ہیں۔ چنانچہ ماہرین روزانہ درمیانے سائز کی ایک سے دو کھجوریں استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
پستہ
تندرستی، طاقت اور مضبوطی کی علامت گری دار میوہ پستہ ایک ایسی غذا ہے جو ہر ایک کی پسند ہو سکتے ہیں۔
پستے میں بادام،کاجو اور اخروٹ کے مقابلے کہیں زیادہ پروٹین اور کم فیٹ پایا جاتا ہے، دوسری جانب پستے اولک ایسڈ، وٹامن ای اور کیروٹین سے بھی مالامال ہونے کے سبب انسانی صحت کے لیے بہترین تصور کیے جاتے ہیں تاہم طبی ماہرین کی جانب سے یومیہ 20 گرام سے زیادہ پستے استعمال کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
کشمش
انگوروں کے خشک پھل کو کشمش کہا جاتاہے۔ یہ آئرن ،فائبر ،پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور اینٹی آکسیڈینٹ میوہ ہے، جس کا روزانہ استعمال صحت کے لیے بہترین ہے۔
ماہرین روزانہ5کشمش کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اینٹی ایجنگ ہونے کے سبب جھائیوںسے حفاظت ،دوران خون میں بہتری لانے کے ساتھ دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت کے لیے بہترین ہے۔
یہ میوہ کاربوہائیڈریٹ ہونے کے سبب جسمانی توانائی بڑھاتا اور بے خوابی سے نجات دلاتا ہے جبکہ بلڈپریشر کنٹرول کرنے میں بھی معاون ومددگار ثابت ہوتا ہے۔
کاجو
کاجو مہنگا تو ہے مگر غذائیت سے بھرپور میوہ ہے۔ بھارتی یونیورسٹی میں کی گئی تحقیق کے مطابق کاجو میں میگنیشیم اور پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، جو انسانی جسم کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں۔یہ وٹامن Eاور وٹامنB6کا بہترین ذریعہ ہے۔
اس کے علاوہ کولیسٹرول فری اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے، جس کے باعث یہ انسان کو دل کو بیماریوں سے دور رکھتا ہے۔ کاجوکینسرسے بچاؤ، صحت مند قلب، مضبوط ہڈیوں اور خوشگوار نیندکے لیے ضروری ہے۔ اس کا استعمال بلڈ پریشر کا خطرہ کم کرتا اور ذیابطیس کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کاجو کو مختلف سوئیٹ ڈشز اور مشروبات میں شامل کرکے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا استعمال اگر نہارمنہ شہد کے ساتھ کیا جائے تو نسیان میں افاقہ ہوتا ہے۔