• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج ضرور کریں مگر جمہوری انداز میں، شاہ محمود

ملتان (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کیں۔پی ڈی ایم احتجاج ضرور کرے مگرجمہوری انداز میں کیا جائے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیسز میں تمام تفصیلات دے دی ہے اور بتادیا کہ فنڈنگ کہاں سے آئیں‘ فارن فنڈنگ کیس پر پی ٹی آئی جواب دے رہی ہے اور دے گی۔ 

19 تاریخ کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے پی ڈی ایم کی جانب سے اگر 18 تاریخ کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی پیش ہو کر اپنا حساب دیتی ہے تو 19 کوان کے احتجاج کا جواز بنتا ہے۔

احتجاج کریں مگر جمہوری انداز میں کریں قانون شکنی نا کریں۔یہ احتجاج نجات کا ذریعہ ہو سکتا ہے احتساب نہیں۔اپوزیشن کی جانب سے ہمیں تو مذاکرات کا کوئی عندیہ نظر نہیں آ رہا۔ کیا اپوزیشن مذاکرات کے لئے تیار ہے تو ہمیں ایجنڈا پیش کریں۔

انہوں نے کہاکہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں 11 ممبران نے کشمیر پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کا نقطہ نظر پاکستان کے نقطہ نظر کے مطابق تھا۔ ہمارے اقدامات سے واضح ہوگیا کہ کشمیری کا مسئلہ انڈیا کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔

ہندوستان تاثر دیتا آیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول پر آچکے ہیں مگر وہاں جبر آج بھی جاری ہے۔ آج بھی ہزاروں کی تعداد میں کشمیری جیلوں میں قید ہیں۔ 

آج بھی کشمیری نوجوانوں کو بلا وجہ اٹھایا جا رہا ہے جن کی لاشیں ملتی ہیں۔یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ 

امریکا میں نئی انتظامیہ آنے والی ہے، امید ہے نئی انتظامیہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے گی اورجو بائیڈن سے بھی امید ہے کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق پر تنبیہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں انڈیا دہشت گردی اور انتشار پھیلا رہا ہے۔

تازہ ترین