• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈنگ کیس، وزیراعظم کی چوری پکڑ لی گئی، لیاقت شباب

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما پشاور کے ڈویژنل صدر و سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں وزیراعظم کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑ لی گئی ہے۔ حکمران جماعت کی طرف سے بھی بیرونی ملکوں سے ہونے والی فنڈنگ کے اعتراف کے بعد فارن فنڈنگ کیس وزیراعظم کے لئے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے جبکہ نااہلی سے بچنے کے لئے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے سلسلے میں تاخیری ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی فوری سماعت کے لئے آج اسلام آباد میں الیکشن آفس کے سامنے بڑا احتجاج کیاجائے گا۔ لیاقت شباب نے انیس جنوری کے احتجاج کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انیس جنوری کے احتجاج کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے آج پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع سے پیپلز پارٹی کے ہزاروں جیالے جلوسوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچیں گے۔ لیاقت شباب نے کہا کہ عوام نے ملک کو مزید تباہی سے بچانے مہنگائی کی خوفناک سونامی کا راستہ روکنے اور نااہل حکمرانوں سے نجات کے لئے پی ڈی ایم کا بھر پور ساتھ دینے کا تہیہ کرلیا ہے۔ پی ڈی ایم قیادت کی طرف سے جب بھی لانگ مارچ کی کال دی گئی تو پیپلز پارٹی کے لاکھوں جیالے سروں پر کفن باندھ کر لانگ مارچ میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوں گے۔ حکمرانوں کے خلاف نفرت بڑھتی جا رہی ہے حکمرانوں کے خلاف الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور عوام کو بہت جلد نااہل حکمرانوں سے نجات مل جائے گی۔ پرویز خٹک ، شبلی فراز، شیخ رشید احمد، سیاسی بھگوڑے اور کرایہ کے ترجمان وزیراعظم کی کشتی کو ڈوبنے سے نہیں بچا سکتے۔ وزیراعظم کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہو جائیں اگر لانگ مارچ ہوا تو لاکھوں لوگوں کا سمندر امڈ آئے گا۔ دما دم مست قلندر ہو گا اور حکمرانوں کو عوام کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔
تازہ ترین