کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اسپیشل جوڈیشل مجسٹر یٹ کی عدالت نے جعلی امتحان کے ذریعے جعلی پائلٹ کا لائسنس حاصل کرنے کے مقدمہ میں گرفتار سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے ) کے ایڈیشنل ڈائریکٹرلائسنس برانچ، خالد محمود، سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر فیصل منصور، جوائنٹ ڈائریکٹر آصف الحق، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمود حسین، سپرنٹنڈنٹ عبدالرئیس سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں 6 فروری تک توسیع کردی ۔ ایف آئی اے کے انسپکٹر عبدالجبار میندھرو نے پیر کو عدالت کو آگاہ کیا کہ ایف آئی اے نے جعلی پائلٹ لائسنس کی تحقیقات مکمل کر کے ملزمان کے خلاف تین مقدمات درج کرلئے، 40 پائلٹ، 8 سرکاری افسران اور ایک پرائیویٹ شخص نامزد ہیں۔ مقدمات کا اندراج ڈپٹی ڈائریکٹر سول ایوی ایشن کی درخواست پر کیا گیا۔ مقدمات جعلی لائسنس کے امتحانات کے باعث درج ہوئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ مزید تفتیش کے لئیے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 6فروری تک جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کے حوالے کر دیا۔