• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہ پاکستانی فنکار جن کے بچے ٹک ٹاک اسٹار ہیں

مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک ان دنوں تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ہی نوجوان نسل کا ٹیلنٹ سامنے لانے کا ایک بہترین ذریعہ بن گیا ہے جس کے تحت ناصرف عام لوگ بلکہ شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں کے بچے بھی اپنا ٹیلنٹ دُنیا کو دکھا رہے ہیں۔

آج ہم آپ کو اُن کے پاکستانی فنکاروں کے ٹک ٹاک اسٹار بچوں کے بارے میں بتائیں گے جو اپنے والدین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے لوگوں کو اپنے منفرد انداز سے تفریح فراہم کررہے ہیں اور یہی نہیں فنکاروں کے ان ٹک ٹاک اسٹار بچوں کو لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے فالو بھی کیا ہوا ہے۔

پاکستانی فنکاروں کے ٹک ٹاک اسٹار بچے:

ربیکا خان:

ٹک ٹاک اسٹار ربیکا خان بھارت میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے فن کار کاشف خان کی صاحبزادی ہیں، ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر منفرد اداکاری کرکے نہایت قلیل عرصے میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی ربیکا خان کے ٹک ٹاک فالوورز کی تعداد 5 ملین یعنی 50 لاکھ ہے۔

ربیکا خان کے ٹک ٹا ک اکاؤنٹ کا جائزہ لیں تو اُنہوں نے اب تک کئی ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں جن پر کروڑوں میں لائکس آئے ہیں جبکہ اُن کے چاہنے والے کمنٹ سیکشن میں اُن کے لیے محبت بھرے پیغامات بھی جاری کرتے ہیں۔

رومیسہ خان:

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر مزاحیہ ویڈیوز بناکر لاکھوں مداحوں کی تعریفیں سمیٹنے والی رومیسہ خان پاکستان کے معروف کامیڈین اور ٹی وی اسٹار تنویر اختر خان کی بیٹی ہیں۔

رومیسہ خان بھی اپنے مرحوم والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مزاحیہ اداکاری کرکے اپنے مداحوں کو خوب ہنساتی ہیں، اُن کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد ہر کوئی اُن کی اداکاری کی تعریف کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر رومیسہ خان کو 4 اعشاریہ 9 ملین یعنی 49 لاکھ صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

اس حوالے سے رومیسہ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اپنے مرحوم والد کی مزاحیہ اداکاری سے بےحد متاثر تھیں اور والد کی طرح اُنہیں بھی بچپن سے ہی مزاحیہ اداکاری کا شوق تھا یہی وجہ ہے کہ اُن کی زیادہ تر ٹک ٹاک ویڈیوز مزاحیہ ہوتی ہیں۔

سرخاب خلیل:

 ٹک ٹاک پر دلچسپ ویڈیوز بناکر تفریح فراہم کرنے والے سرخاب خلیل 2020 کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تُم ہو‘ کے خالق خلیل الرحمٰن قمر کے صاحبزادے ہیں۔ 

والد کی طرح سرخاب خلیل مختصر ویڈیو شیئرنگ ٹک ٹاک پر کافی مقبول ہیں جس کا اندازہ اُن کے ٹک ٹاک فالوورز سے لگایا جاسکتا ہے جن کی تعداد اس وقت 6 لاکھ سے زائد ہے۔

حورین صابری:

لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کی صاحبزادی حورین صابری بھی ٹک ٹاک پر کافی مقبول ہیں لیکن کچھ عرصہ قبل ہی حورین صابری نے اپنا پبلک ٹک ٹاک اکاؤنٹ پرائیوٹ کردیا ہے۔

جس کے بعد اب حورین صابری کی ٹک ٹاک ویڈیوز صرف وہی صارفین دیکھ سکتے ہیں جنہوں نے حورین صابری کو فالو کیا ہوا ہے۔

حورین صابری کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو اُنہوں نے صرف 50 لوگوں کو اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے فالو کیا ہوا ہے جبکہ ٹک ٹاک پر اُنہیں فالو کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا ہیں جنہیں اس وقت ٹک ٹاک پر 13 ملین سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

پاکستان کی دوسری ٹاپ ٹک ٹاک اسٹار کنول آفتاب ہیں جنہیں اس وقت ٹک ٹاک پر 11 ملین سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

تیسرے نمبر پر ذوالقرنین سکندر، چوتھے نمبر جنت مرزا کی چھوٹی بہن علشبہ انجم ہیں جبکہ پانچویں نمبر پر حور ماہاویرا ہیں۔

تازہ ترین