• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی شک نہیں دہشتگردی کاخاتمہ کرنا آسان کام نہیں تھا، تجزیہ کار


کراچی(ٹی وی رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابر افتخار کی پریس کانفرنس پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ کوئی شک نہیں دہشتگردی کاخاتمہ کرنا آسان کام نہیں تھا،بھارت پاکستان کیخلاف محاذ گرم کررہا ہے اصولی طور پر اسے گرے لسٹ میں ہونا چاہئے ۔سینئر تجزیہ کارمظہر عباس نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کی اہمیت اس اعتبار سے بہت زیادہ ہے کہ آج ہی ایف اے ٹی ایف کا اجلاس ہورہا ہے ۔

پاکستان دہشتگردی کانشانہ بنتا رہا لیکن قوم کی قربانیاں رنگ لائیں اور امن قائم ہوگیا،2001کے بعد پاکستان میں دہشتگردی میں تیزی سے اضافہ ہوا ،اُس وقت دہشتگردی کیخلاف حکمت عملی پر ملک میں اختلاف تھا جس سے شدت پسندوں کوفائدہ ہوا ۔

دہشتگردی کے بعد انتشار پسند عناصر افغانستان فرار ہوجاتے تھے ، اس میکانزم کو حکمت عملی کے ذریعے توڑ دیاگیا۔سوات آپریشن 2008میں شروع ہوا اوریوں آہستہ آہستہ پاکستان امن کی جانب بڑھتا گیا۔ڈ ی جی آئی ایس پی آر نے درست کہا کہ ٹیررازم سے ٹورازم کا سفر آسا ن نہیں تھا۔ شہروں میں آپریشن بہت زیادہ مشکل تھا ،کراچی میں امن ہے لیکن بلوچستان آج بھی دہشتگردوں کا ہدف ہے ۔ہم نے دہشتگردوں کو بڑی حد تک ختم کردیا مگر انتہا پسندی پر قابو پانا باقی ہے۔

سانحہ اے پی ایس کے بعد آپریشن میں تیزی آئی ،کراچی سے شمالی وزیرستان تک امن قائم کیاگیا اورہم نے ہر سطح پر کامیابیا ں سمیٹیں ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے درست کہا کہ ابھی بہت سے ہدف حاصل کرنا ہیں ۔ جو بات انہوں نے میڈیا کے حوالے سے کہی مجھے لگتا ہے اس ضمن میں مکالمے کی ضرورت ہے ۔

سیاسی وسماجی عوامل، بیانیہ کی جنگ اورانتہا پسندی کی روک تھام کیلئے ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے ۔ہم دہشتگردوں کو ختم کردیتے ہیں لیکن انتہا پسندی پھر ایک گروہ تیار کردیتی ہے ۔

انہوں نے علما ء کے ڈائیلاگ کی بات کی اگرچہ علماء کا کردار قابل ستائش ہے لیکن صرف علما ء کا کردار کافی نہیں ہمیں ہر سطح پر کام کرنا ہوگا ۔ عدلیہ میں اصلاحات کی ضرورت ہے ،کمزورنظام کی وجہ سے کئی دہشتگردرہا ہوجاتے ہیں ۔

حکومتی رپورٹ کے مطابق غیر تصدیق شدہ اسلحے کی تعداد کراچی شہر میں دس لاکھ سے زیادہ ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے پولیس اصلاحات کی بات کی یہ نقطہ بھی اہم ہے کیوں کہ پولیس کی کارکردگی پر بھی کئی سوالات ہیں ۔

سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ پاکستان نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے بہت کوششیں کی ہیں جس کا دنیا نے اعتراف کیا ۔بھارت پاکستان کیخلاف محاذ گرم کررہا ہے اصولی طور پر اسے گرے لسٹ میں ہونا چاہئے ۔

تازہ ترین